ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر سےمتعلق حقائق مسخ کرنےکی کوشش ہے، مسئلہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی بیانات علاقائی اورعالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ پالیسی کی عکاسی کرتےہیں، بھارت اشتعال انگیزبیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنے مسلسل قبضے سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت خطےمیں دہشتگردی کی سرپرستی اور اپنے داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانےکی کوشش کررہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت جارحیت اور اشتعال انگیزی کی بیان بازی کرتے ہوئے پاکستان کےعزم کو کمزور نہ سمجھے، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نےگزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص میں اپنےعزم کاعملی مظاہرہ کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے مسلسل غیرذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے، بھارت کوکشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔